.

لیبیا کے یرغمال سابق وزیراعظم علی زیدان بازیاب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے سابق وزیراعظم علی زیدان کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔ انہیں گذشتہ ہفتے طرابلس میں ایک ہوٹل سے باہر نکلتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر اغواء کرلیا تھا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق علی زیدان کے اغواء کے بعد ان کے اہل خانہ، سیاسی جماعتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے وزیراعظم فائز السراج پر ان کی بازیابی کے لیے سخت دباؤ تھا۔

علی زیدان کو گذشتہ روز بازیاب کرالیا گیا ہے تاہم حکومت نے اس حوالے یہ نہیں بتایا کہ آیا زیدان کو کس نے اغواء کیا تھا اور ان کی رہائی کیوں کر عمل میں لائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سابق لیبی وزیراعظم کے اغواء کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سنہ 2013ء کو انہیں طرابلس کے ایک ہوٹل سے اغواء کیا گیا تھا تاہم چند گھنٹے کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ علی زیدان نومبر 2012ء سے مارچ 2014ء تک لیبیا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔