.

امریکا: چار افریقی اور ایشیائی ممالک کے لیے ویزے بند کرنے کا فیصلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی حکومت نے چار افریقی اور ایشائی ممالک کمبوڈیا ، اری ٹیریا ، گنی اور سیرالیون کے شہریوں کو ویزوں کے اجراء پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان چاروں ممالک نے امریکا سے بے دخل کیے گئے اپنے شہریوں کو واپس لینے سے انکار کردیا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان ممالک پر بہت جلد ویزے کی پابندیاں عاید کر دی جائیں گی۔ان کا مقصد ان ممالک پر امریکا سے بے دخل کیے جانے والے شہریوں کو واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

امریکا کے وفاقی قانون کے تحت وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کو اس طرح کے ممالک کے شہریوں کو تما م یا بعض ویزوں کے اجراء پر پابندی عاید کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹیلرسن کمبوڈیا ، اری ٹیریا ، گنی اور سیرالیون کے شہریوں کو ہرقسم کے ویزوں کے اجراء پر پابندی عاید نہیں کریں گے بلکہ وہ ان ممالک کے حکومتی عہدے داروں کو ہدف بنائیں گے اور وہ ان حکام اور ان کے خاندانوں کو امریکی ویزے جاری کرنے پر پابندی لگا دیں گے۔