.

سعودی عرب : قطری عازمین حج کو بھرپور سہولتیں مہیا کرنےکی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پروگرام برائے حج و عمرہ کے سیکریٹری جنرل عبداللہ بن مدلج المدلج نے میدان عرفات اور منیٰ میں بہ نفس نفیس قطری عازمین حج کا خیرمقدم کیا ہے اور ان کے لیے کیے جانے والا اقدامات کا جائزہ لیا ہے۔

انھوں نے قطری عازمین حج کے خیموں کا دورہ کیا اور انھیں وزارت برائے اسلامی امور کی جانب سے مناسک حج کی ادائی کے لیے مہیا کی جانے والی خدمات اور کوششوں کے بارے میں بتایا تاکہ وہ آسانی اور سہولت کے ساتھ فریضہ حج ادا کرسکیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سیکریٹری جنرل نے خیموں کے دورے کے موقع پر تمام سہولت کاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کام کی رفتار اور کاوشوں کو دگنا کردیں اور حجاج کرام کی خدمت کے لیے سیکریٹریٹ اور وزارت کی جانب سے مہیا کیے جانے والے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔

المدلج نے وزارت اسلامی امو ر میں کام کرنے والی تمام کمیٹیوں کے کردار کو سراہا اور قطر سے آنے والے عازمین حج کے بھرپور استقبال اور انھیں چوبیس گھنٹے خدمات کی کی فراہمی کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ حج کے لیے سعودی عرب آنے والے قطری عازمین مناسک کی تکمیل اور اس کے بعد اپنے وطن واپسی تک خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مہمان ہوں گے اور وہی ان کے تمام اخراجات برداشت کررہے ہیں۔