شہید سوڈانی فوجیوں کے 250 اقارب حج کے لیے حجاز روانہ

'فیصلہ کن طوفان' کے شہداء کے اقارب شاہ سلمان کے خصوصی مہمان ہوں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر سوڈان کی مسلح افواج کے شہید اہلکاروں کے اقارب مفت حج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن میں ’فیصلہ کن طوفان‘ آپریشن میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سوڈانی فوجیوں کے 250 قریبی عزیزوں کو خادم الحرمین کی خصوصی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائی کے لیے خرطوم سے روانہ کیا گیا۔

حج کے لیے روانگی سے قبل خرطوم میں قائم سعودی سفارت خانے کی طرف سے شہدا کے اقارب کے اعزاز میں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے بعد انہیں حج کے سفر کے لیےالوداع کیا گیا۔

سوڈان سے خصوصی حج اسکیم کے تحت آنے والے عازمین حج میں سوڈان کے شہید اور زخمی ہونے والے فوجیوں کےاقارب شامل ہیں۔

قبل ازیں خادم الحرمین الشریفین خصوصی حکم پروگرام کے سیکرٹری جنرل عبداللہ بن ناصر المدلج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شاہ سلمان کی ہدایت پر سوڈان کے شہید ہونے والے فوجیوں کے اقارب کے لیے مفت حج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یمن میں باغیوں کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سوڈانی فوجیوں کے اہل خانہ اور دیگر قریبی عزیزوں کومفت حج کرایا جائے گا۔

سوڈان میں سعودی سفیر حسن جعفر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی سفارت خانے کی جانب سے سوڈانی فوجیوں کے اقارب کے حج کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں باغیوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لیتے ہوئے شہید ہونے والے سوڈانی فوجیوں کے اقارب کو شاہ سلمان کی جانب سے خصوصی طور پر حج کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوڈانی فوجیوں کے اقارب کو مفت حج کی سہولت مہیا کرنا ان کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں