''امریکا، شمالی کوریا کے خطرات کا بھرپور فوجی قوت سے جواب دے گا''

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکی یا اس کے اتحادیوں کو شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی خطرے کا سامنا بھرپور فوجی قوت سے کیا جائے گا۔ جیمز میٹس کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نیشنل سکیورٹی بریفنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔

شمالی کوریا نے اتوار کو جوہری ہتھیار کا کامیاب تجربہ کیا جو دور تک مار کرنے والے میزائل پر نصب کیا جا سکتا ہے۔ پیانگ یانگ کا کہنا ہے کہ اس نے ایک ایسے ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا ہے جو ایک ایٹمی بم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے تجربے کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

جیمز میٹس نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'امریکا اپنے اور اپنے اتحادیوں جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے'۔

انھوں نے مزید کہا 'امریکا یا اس کے کسی بھی علاقے بشمول گوام یا ہمارے اتحادیوں کو کسی بھی خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا اور یہ جواب بااثر اور شدید ہو گا۔'

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پیر کے روز ایمرجنسی اجلاس میں شمالی کوریا کے جوہری ٹیسٹ پر عالمی ردعمل کے حوالے سے بحث کرے گی۔

دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ امریکا ایسے ملک کے ساتھ تجارت کو بند کر دے گا جو شمالی کوریا کے ساتھ کاروبار کرتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں