سعودی عرب نے جاپان کو ہراکر فیفا فٹ بال عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

سعودی عرب نے جاپان کی ٹیم کو ایک گول سے ہرا کر روس میں آیندہ سال ہونے والے فیفا عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ میں شرکت کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جدہ کے شاہ عبداللہ اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں سعودی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا پہلا ہاف صفر صفر سے برابر رہا تھا۔ دوسرے ہاف میں اور میچ کے تریسٹھویں منٹ میں سعودی عرب کی جانب سے فہد المولد نے جاپان کو گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی اور یہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

ایران اور جاپان کی ٹیمیں پہلے ہی ایشیائی ممالک کے گروپ اے اور بی میں سے عالمی کپ میں شرکت کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں اور اب یہ میچ جیت کر سعودی عرب عالمی کپ میں براہ راست شرکت کے لیے کوالیفائی کرنے والا تیسرا ملک بن گیا ہے۔ان دونوں گروپوں میں ابھی چوتھی ٹیم کا فیصلہ ہونا ہے۔

اس میچ سے قبل سعودی عرب کے گروپ بی میں نو میچ کھیلنے کے بعد سولہ پوائنٹس تھے اور وہ تیسرے نمبر پر تھی مگر اب وہ انیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ آسٹریلیا کے دس میچ کھیلنے کے بعد انیس پوائنٹس ہیں مگر وہ درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔

سعودی عرب اور آسٹریلیا کے درمیان دس دس میچ کھیلنے کے بعد پوائنٹس برابر ہیں لیکن سعودی ٹیم وہ اپنے خلاف ہونے والے گول اور دوسری ٹیموں کو کیے گئے گولوں میں زیادہ فرق کی وجہ سے 2018ء میں روس میں ہونے والا عالمی کپ فٹ بال ٹورنا منٹ کھیلنے کے اعزاز حق دار ٹھہری ہے۔

جاپان نے گذشتہ جمعرات کو سیتاما میں کھیلے گئے کوالیفائنگ میچ میں آسٹریلیا کو دو صفر سے ہرا دیا تھا اور اس طرح روس کے لیے اپنا ٹکٹ پکا کر لیا تھا۔سعودی عرب کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں غیر متوقع طور پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔اس کے بعد اس کو لازمی طور پر جاپان کے خلاف یہ میچ جیتنا تھا اور اس نے ایسا کردکھا یا ہے۔فیفا عالمی کپ مقابلوں کے لیے سعودی عرب کی جاپان کے خلاف یہ پہلی جیت ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے 2006ء میں جرمنی میں آخری مرتبہ فٹ بال عالمی کپ میں شرکت کی تھی۔اس کے بعد منعقدہ کسی فٹ بال عالمی کپ ٹورنا منٹ میں شرکت کے لیے وہ کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔سعودی ٹیم کی جیت کے بعد جدہ اور مملکت بھر میں جشن کا سماں تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں