.

صنعاء : حوثیوں کی ہادی حکومت کے وزراء کے گھروں میں لوٹ مار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی ملیشیا نے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت میں شامل وزراء کے گھروں میں لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور انھوں نے ان کے مکانوںمیں نئی چھاپا مار کارروائیاں کی ہیں ۔

یمنی دارالحکومت سے تعلق رکھنے والے مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثی مسلح افراد نے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ میجر جنرل حسین عرب کے گھروں میں لوٹ مار کی ہے۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے بالخصوص صنعاء میں اپنے مخالف سیاست دانوں کے مکانوں میں لوٹ کھسوٹ کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ انھوں نے یمن کے وزیر اطلاعات کے مکان پر بھی دھاوا بولا تھا اور ان کے محافظ کو اغوا کر لیا تھا۔حوثی ملیشیا کے افراد نے ان کے مکان کے دروازے توڑ دیے اور ان کی اشیاء کو نقصان پہنچایا۔

یمن کے انسانی حقوق کے وزیر محمد عسکر کا کہنا ہے کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ جمع کیا جارہا ہے، ان کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور انھیں سزا دی جائے گی۔

وہ حوثی ملیشیا کی عام شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کی کارروائیوں کا حوالہ دے رہے تھے۔حوثی مسلح افراد نے شہریوں کے مکانوں کو دھماکوں سے اڑایاہے،ان کی اشیاء اڑا لے گئے ہیں یا انھوں نے ان کے مکانوں میں غیر مجاز دراندازی کی ہے۔

یمنی وزیر نے وضاحت کی ہے کہ حوثیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفاداروں نے حکومت کے خلاف بغاوت کے بعد سے تیس ہزار سے زیادہ مکانوں پر حملے کیے ہیں اور پانچ سو سے زیادہ مکانوں کو کھلونا بموں سے تباہ کردیا ہے۔