.

شیخ تمیم الریاض سربراہ اجلاس میں کیے گئے وعدوں کو پورا کریں : ڈونلڈ ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی پر زوردیا ہے کہ وہ الریاض سربراہ اجلاس میں کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ انھوں نے خلیج بحران کے مذاکرات کے ذریعے حل کی ضرورت پر زوردیا ہے تاکہ خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے اتحاد اور استحکام کو برقرار رکھا جاسکے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’’صدر ٹرمپ نے شیخ تمیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے خلیجی ممالک کے اتحاد کو برقرار رکھا جائے ،دہشت گرد گروپوں کے لیے مالی رقوم کی ترسیل کو بند کیا جائے اور انتہا پسند نظریے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا ئیں‘‘۔

صدر ٹرمپ اور شیخ تمیم نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران ایران سے علاقائی سلامتی کو درپیش خطرے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔انھوں نے قطر اور چار عرب ممالک کے درمیان جاری بحران کی تازہ صورت حال اور کویت کی اس بحران کی سفارتی ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے حل کے لیے کوششوں پر بھی گفتگو کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے امیرِ قطر کو امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں اپنی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا۔شیخ تمیم نے امیر کویت کی کوششوں کو سراہا اور تنازعے کے حل میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔امریکی صدر نے امیر کویت سے ملاقات میں قطر بحران پر تبادلہ خیال کیا تھا اور کہا تھا کہ امیر اس وقت خلیج میں امریکا کی مدد کررہے ہیں ۔