.

سنگاپور : ملائی نژاد حلیمہ یعقوب ملک کی پہلی خاتون صدر ہوں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سنگاپور میں پارلیمنٹ کی سابق اسپیکر 62 سالہ حلیمہ یعقوب بدھ کے روز ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون صدر بن جائیں گی۔

واضح رہے کہ سنگاپور 710 مربع کلومیٹر رقبے کا ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کی آبادی 60 لاکھ سے کم ہے۔ تاہم عالمی سطح پر یہ چوتھا مالیاتی مرکز ہے۔ اس کی بندرگاہ نقل و حرکت اور سرگرمیوں کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ گزشتہ برس اس کی قومی پیداوار 508 ارب ڈالر سے زیادہ رہی۔ یہاں فی کس آمدنی 90 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے جو فرانس کے مقابلے میں دو گُنا، اطالیہ کے مقابلے میں 3 گُنا اور سوئٹزرلینڈ کے مقابلے میں 1.5 گُنا ہے۔

حلیمہ یعقوب کے شوہر یمنی نژاد ہیں جن کا نام محمد عبد الله الحبشی ہے۔ رواں برس صدارتی الیکشن کمیشن نے تین امیدواروں میں سے صرف ایک امیدوار حلیمہ یعقوب کو انتخابات کے لیے اہل قرار دیا جب کہ ان کے دیگر دو امیدواروں صالح میریکان اور فرید خان کو انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے نا اہل قرار دیا گیا۔

حلیمہ یعقوب 2013 سے لے کر گزشتہ ماہ تک سنگاپور کی پارلیمنٹ کی اسپیکر کے منصب پر فائز رہیں۔ محض ایک امیدوار ہونے کے سبب 23 ستمبر کو مقررہ صدارتی انتخابات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس طرح حلیمہ بدھ کے روز ملک کی آٹھویں صدر کے طور پر اپنا منصب سنبھالیں گی۔

حلیمہ یعقوب سنگاپور میں ملائی نسل سے تعلق رکھنے والی دوسری صدر ہوں گی۔ ان سے پہلے یوسف اسحاق نے 1965 میں سنگاپور کی آزادی کے سال صدارت کا منصب سنبھالا تھا۔ اسحاق کے بعد حلیمہ ملک کی دوسری مسلمان صدر ہوں گی۔ واضح رہے کہ سنگاپور میں مسلمان اکثریت میں نہیں ہیں اور وہ مجموعی آبادی کا صرف 14% ہیں۔ ملک میں بُدھ مت کے پیروکار 33%، مسیحی مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد 18% جب کہ ہندو اقلیت کی تعداد 5% کے قریب ہے۔

حلیمہ یعقوب بدھ کے روز ٹونی ٹان ٹینگ یام کی جگہ 6 سال کے لیے صدارت کا منصب سنبھالیں گی۔ حلیمہ کے والد کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ والدہ ملائی ہیں۔ ان کے شوہر ایک ریٹائرڈ کاروباری شخصیت ہیں جن کے والد کا تعلق یمن سے جب کہ والدہ کا ملائی نسل سے ہے۔ حلیمہ نے 1978 میں سنگاپور یونی ورسٹی سے قانون میں گریجویشن کیا جس کے بعد وہ 40 برس پیشہ ورانہ ذمے داریوں کے ساتھ وابستہ ہیں۔ حلیمہ کے شوہر بھی سنگاپور یونی ورسٹی سے سائنس کے شعبے میں فارغ التحصیل ہیں۔ دونوں نے یونی ورسٹی میں ایک دوسرے کا تعارف حاصل کیا اور 1980 میں ایک دوسرے کے شریک حیات بن گئے۔