.

سعودی عرب کو قطر کے خلاف فوجی کارروائی پر کوئی انتباہ نہیں کیا : ڈونلڈ ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس امر کی تردید کی ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کو قطر کے خلاف کسی ممکنہ فوجی کارروائی پر کوئی انتباہ جاری کیا ہے۔البتہ انھوں نے یہ پیش گوئی کی ہے کہ خلیجی ممالک کا قطر کے ساتھ تنازع بہت جلد ختم ہوجائے گا۔

انھوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ نیویارک میں منگل کی شب ملاقات کے بعد کہا کہ ’’ ہم اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ یہ بہت جلد حل ہوجائے گا‘‘۔

دریں اثناء نیویارک میں جنرل اسمبلی کے بہترویں سالانہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں عرب تارکین وطن نے ایک احتجاجی ریلی نکالی ہے اور قطر کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کی مذمت کی ہے۔

مظاہرین نے پوسٹر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر قطر پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام عاید کیا گیا تھا۔بعض پوسٹروں میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ قطر پر دہشت گردی کی حمایت سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ ڈالے۔بعض نے عرب کمیونٹیوں سے ناتا توڑنے پر قطر کا مواخذہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔