.

شام : اِدلِب میں داعش ٹھکانوں پر روسی آبدوز کا میزائل حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کے روز ایک روسی آبدوز نے شام کے صوبے اِدلب میں ایک ٹھکانے کی جانب میزائل داغے۔ کارروائی میں ان شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا جنہوں نے رواں ہفتے روسی فوجی پولیس کے ایک دستے کے خلاف گھات لگانے کی کوشش کی تھی۔

بحیرہ روم کے پانی میں موجود آبدوز کی یہ ضرب داعش تنظیم کی جانب سے منگل کے روز شام کے شمال مغرب میں حماہ کے قریب بشار حکومت کی فوج کے زیر کنٹرول علاقوں میں کیے گئے حملے کی جوابی کارروائی کا حصہ ہے۔

روسی وزارت دفاع نے بدھ کے روز بتایا تھا کہ شدت پسندوں نے مذکورہ حملے کے نتیجے میں روسی فوجی پولیس کے 29 اہل کاروں کا محاصرہ کر لیا جس کے بعد روس اپنی فضائیہ کی معاونت سے اس محاصرے کو ختم کرنے کے واسطے ایک خصوصی کارروائی کرنے پر مجبور ہو گیا۔

جمعے کے روز وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ 300 کلومیٹر کی دُوری سے داغے گئے کیلیبر میزائل نے داعش تنظیم کے اُن عناصر کی قیادت کے مراکز ، بکتربند گاڑیوں اور اڈوں کو نقصان پہنچایا جنہوں نے اصل حملے میں شرکت کی تھی۔