.

روسی نوجوان نے خود کو سانپ سے ڈسوا کر موت کو براہ راست نشر کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس میں ایک معروف سپیرے نے براہ راست وڈیو اسٹریم کے دوران خود کو سانپ سے ڈسوا کر خود کشی کر لی۔

سینٹ پیٹرزبرگ سے تعلق رکھنے والا 31 سالہ وڈیو بلاگر ارسلان والیف اپنی شادی ختم ہو جانے پر انتہائی دل شکستہ تھا۔ اس نے اتوار کی رات کیمرے کے سامنے لائیو اسٹریم کے دوران پالتو black mamba سانپ کو اپنے ہاتھ پر ڈسنے کا موقع دیا۔ جس کے بعد وہ کرسی پر بیٹھا رہا اور جسم میں زہر پھیل جانے کے باعث زندگی کی آخری سانسیں کیمرے کے سامنے ہی لیتا رہا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق ارسلان کے ہاتھ سے سے خون رس رہا تھا اور اس دوران اس نے ناظرین سے درخواست کی کہ اس کی سابقہ بیوی کو بلایا جائے۔

اگرچہ "سانپ کے ڈسنے" کا منظر کیمرے کے ذریعے ظاہر نہ ہوا تاہم ماضی میں ایک چڑیا گھر میں کام کرنے والے ارسلان نے ناظرین کو اپنے ہاتھ پر ڈسنے کا نشان دکھایا۔

اس دوران روسی نوجوان کی آنکھیں ادھر ادھر گھومتی رہیں گویا کہ وہ کسی کو تلاش کر رہا ہو۔ بعد ازاں وہ کیمرے کے سامنے سے چلا گیا اور اپنا چہرہ دھویا کیوں کہ پانی کی آواز سے ایسا ہی لگ رہا تھا۔

ارسلان کچھ دیر بعد بے ہوش ہو گیا اور پھر چند گھنٹوں بعد اپنے گھر کے فرش پر پڑا ہوا پایا گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہیں ہو سکا اور اپنے پیچھے ایک دہشت ناک وڈیو ریکارڈنگ چھوڑ گیا۔