.

انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے میں ناکامی، ایران پر نئی امریکی پابندیاں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی حکومت نے ایران وینزویلا اور چار افریقی ملکوں کو ان ملکوں کی فہرست میں شامل کیا ہے جو انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے میں ناکام رہے۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں ناکامی کی بناء پر امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عاید کی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ شمالی کوریا، اریٹریا، روس اور شام پر پابندیوں کو مزید سخت کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ ان کے ثقافتی اور تعلیمی تبادلے کے پروگرام کو محدود کر گیا دیا ہے۔

اس کے علاوہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے امریکی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دیگر مالیاتی ادراروں کے امریکی ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران، شمالی کوریا اور روس کے لیے مالی سال 2018 کے دوران قرضوں کی سہولت جاری کرنے کے خلاف ووٹ دیں۔ اس کا آغاز اتوار سے ہو رہا ہے۔

انسانی اسمگلنگ کا شکار ہونے والوں کے تحفظ کے ایک امریکی قانون (ٹریفکنگ وکٹمز پروٹیکشن ایکٹ) کے تحت امریکا ایسے ملک کو انسانی بھلائی کے علاوہ یا غیر تجارتی مقاصد کے لیے امداد فراہم نہیں کرتا جو انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے مقرر کئے گئے کم سے کم معیار کی پابندی نہیں کرتا اور نا ہی اس کے لیے کوشش کرتا ہے۔ یہ قانون 2000ء میں منظور کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس نے ایک نوٹس میں کہا کہ ایران، وینزویلا، ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، استوائی گنی، جنوبی سوڈان اور سوڈان کو ان ملکوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن پر نئے مالیاتی سال کے لیے یہ پابندیاں عائد رہیں گی۔