.

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے روسی ادارےکی ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس کی وزارت خارجہ کے زیر انتظام ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ برائے بین الاقوامی تعلقات نے سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔

ماسکو انسٹی ٹیوٹ نے شاہ سلمان کو ان کے تاریخی دورے کے موقع پر سعودی عرب اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر استحکام کے لیے کردار کے اعتراف میں یہ ڈگری دی ہے۔

انھوں نے گذشتہ دو روز میں روسی صدر ولادی میر پوتین اور وزیراعظم دمتری مید ویدیف سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کی ہے۔اس موقع پر سعودی عرب نے روس کے ساتھ اربوں ڈالرز مالیت کے دفاعی معاہدے بھی طے کیے ہیں۔

سعودی فرماں روا نے جمعہ کو روسی وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا:’’ ہم ان دو طرفہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔اس ضمن میں ہم صدر ولادی میر پوتین سے اپنی مفید بات چیت کو سراہتے ہیں۔اس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے سے اتفاق کیا گیا تھا‘‘۔

انھوں نے اس بات پر زوردیا تھا کہ خلیج اور مشرقِ وسطیٰ میں امن ، استحکام اور یمن اور شام میں جاری بحرانوں کے حل کے لیے ضروری ہے کہ ایران کو اس کے توسیع پسندانہ عزائم سے روکا جائے اور اس کو اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری کا پابند کیا جائے‘‘۔