.

سوئٹزر لینڈ : فیفا کے سابق سیکریٹری جنرل پر بدعنوانی کے الزام میں فوجداری مقدمے کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوئٹزر لینڈ میں پراسیکیوٹرز نے فٹ بال کی عالمی فیڈریشن (فیفا) کے سابق سیکریٹری جنرل جیروم والک اور قطر کے بی این میڈیا گروپ کے سربراہ ناصر الخلیفی کے خلاف فوجداری مقدمے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

سوئٹرز لینڈ کے اٹارنی جنرل نے جمعرات کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ جیروم والک نے فیفا کے زیر انتظام 2018، 2022 ، 2026 اور 2030ء میں ہونے وال فٹ بال کے عالمی کپ کے میچوں کے مختلف ممالک میں میڈیا حقوق دینے کے لیے ایک کاروباری شخصیت سے ناجائز فوائد حاصل کیے تھے۔اس کے علاوہ انھوں نے قطر کے ناصر الخلیفی کو فیفا عالمی کپ 2026ء اور 2030ء کے مقابلوں کے مختلف ممالک کے لیے حقوق دے دیے تھے‘‘۔

اٹارنی جنرل نے فرانس سے تعلق رکھنے والے جیروم والک پر ناصر الخلیفی کو بھاری رقوم کے عوض عالمی کپ مقابلوں کے بیش قیمت میڈیا حقوق دینے کا الزام عاید کیا ہے۔گذشتہ سال مارچ میں فیفا کے سابق سیکریٹری جنرل پر مجرمانہ طور پر بد انتظامی اور دوسرے جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات عاید کیے گئے تھے اور ان پر دس سال کی پابندی عاید کردی گئی تھی لیکن انھوں نے ان تمام الزامات کی تردید کی تھی۔