.

یمن : عرب اتحاد کے فضائی حملے ، حوثیوں کی میزائل لانچر تنصیب تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں فضائی حملے میں حوثی شیعہ باغیوں کی میزائل داغنے کی ایک تنصیب تباہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔اس جگہ سے سعودی عرب کی جانب میزائل داغے جارہے تھے۔

عرب اتحاد کے ایک بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے نے اسی ماہ سعودی عرب کے ساتھ یمن کے سرحدی علاقوں میں حوثیوں اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار ملیشیا کے ٹھکانوں کا سراغ لگایا تھا جہاں سے وہ گاہے گاہے سعودی عرب کی جانب میزائل چلاتے رہتے ہیں۔ان ہی میں سے الحدیدہ میں واقع ایک تنصیب کو بمباری کرکے تباہ کردیا گیا ہے۔

عرب اتحاد نے جمعرات کو یہ بھی اطلاع دی ہے کہ اس کے لڑاکا طیارےنے فضائی حملے میں متعدد فوجی گاڑیاں بھی تباہ کردی ہیں۔ان گاڑیوں پر حوثی جنگجو سوار تھے ۔ وہ سعودی سرحد کی جانب جارہے تھے اور وہاں بارودی سرنگیں بچھانا چاہتے تھے۔

عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی صوبے شبوہ کے مغرب میں واقع ضلع بیہان میں بھی حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ لڑاکا طیاروں نے وہاں ان کی فوجی کمک کو نشانہ بنایا ہے اور اسلحہ کے ایک ڈپو اور ان کی لشکر گاہوں کو تباہ کردیا ہے۔