.

آئیوری کوسٹ : مال بردار طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ، 4 افراد ہلاک ، 6 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے دارالحکومت أبید جان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک بحر اوقیانوس میں ایک مال بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں عملہ کے چار ارکان ہلاک اور چھے زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ مال بردار طیارہ پڑوسی ملک برکینا فاسو سے أبید جان آرہا تھا اور ہوائی اڈے پر اترنے سے پہلے ہی سمندر میں گر گیا۔ آئیوری کوسٹ کے فوجی فائر بریگیڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ عیسیٰ سخو نے بتایا ہے کہ طیارے میں کل دس افراد سوار تھے۔ چاروں مہلوکین کا تعلق مالدووا سے تھا۔زخمیوں میں دو کا مالدووا سے تعلق ہے اور چار فرانسیسی ہیں۔

فرانسیسی فوج کے ایک عہدہ دار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طیارے میں فرانسیسی فوج کا سامان لدا ہوا تھا۔

أبیدجان کے مکین اسماعیل نامی ایک طالب علم نے بتایا ہے کہ اس نے ہفتے کی صبح اس طیارے کو اپنے علاقے میں بالکل نچلی پرواز کرتے دیکھا تھا اور پھر یہ سمندر میں گر کر دو حصوں میں بٹ گیا۔حادثے کے بعد یہ طالب علم بھی تباہ شدہ طیارے کی فلم بنانے کے لیے ساحل سمندر کی جانب گیا تھا اور اس نے سمندر میں ڈوبے طیارے کے ملبے سے چار لاشوں کو نکالنے کی تصدیق کی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال بردار طیارے کو حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا ہے۔اس وقت شدید طوفان کے ساتھ تیز بارش ہورہی تھی اور گرج چمک بھی جاری تھی۔طیارے کے ساحل سمندر پر گرنے کے بعد زوردھماکا ہوا تھا اور اس کی آواز سن کر نزدیک رہنے والے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔

انھوں نے ہی حکام کو حادثے کی اطلاع دی تھی اور پھر امدادی کارکنان نے طیارے کے ملبے سے ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو نکالا تھا۔اس دوران میں ساحل سمندر پر سیکڑوں افراد جمع ہوگئے تھے۔