.

’’سعودی وزارتِ خارجہ کے کسی عہدہ دار نے اسرائیل کا دورہ نہیں کیا‘‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے بعض میڈیا ذرائع کی ان رپورٹس کی تردید کی ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک اعلیٰ سعودی عہدہ دار نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں اسرائیل کا دورہ کیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے کہا ہے کہ’’ سعودی عرب سے ایک عہدہ دار کے اسرائیل کے دورے سے متعلق رپورٹس مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہیں۔ان میں کچھ بھی سچائی نہیں ہے‘‘۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ مملکت سعودی عرب اپنی تحریک وحرکت اور ابلاغیات میں ہمیشہ شفاف رہی ہے اور اس ضمن میں اس نے کبھی کچھ نہیں چھپایا‘‘ ۔

اس سعودی ذریعے نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’’ میڈیا ذرائع کو مواد کی اشاعت سے قبل حقائق کی چھان پھٹک کر لینی چاہیے۔کسی معلوم ایجنڈے کی بنیاد پر پھیلائی جانے والی اس طرح کی افواہوں اور رپورٹس پر کوئی توجہ نہیں دی جائے گی۔مستقبل میں ایسے میڈیا کی کسی رپورٹ یا خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا جو جھوٹ کی تشہیر کا عاد ی ہے اور مملکت سعودی عرب کے بارے میں جارحانہ طرز عمل رکھتا ہے‘‘۔