.

امریکا: کولوراڈو میں فائرنگ سے تین افراد کو ہلاک کرنے والا ملزم گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی ریاست کولوراڈو میں پولیس نے تھارنٹن شہر میں واقع ایک وال مارٹ میں فائرنگ کرنے والے مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔وہ بدھ کی شام تین افراد کو فائرنگ سے ہلاک کرنے کے بعد گاڑی پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

تھارنٹن کے محکمہ پولیس نے جمعرات کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر 47 سالہ اسکاٹ اسٹریم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے لیکن اس کے بارے میں فوری طور پر مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے ابھی تفتیش جاری کی ہے۔

قبل ازیں حکام نے ایک کلوز سرکٹ کیمرے سے لی گئی درمیانی عمر کے ایک شخص کی تصویر جاری کی تھی۔گوری رنگت والے اس شخص نے سیاہ رنگ کی جیکٹ اور نیلے رنگ کی پتلون پہن رکھی تھی اور وہ چار دروازوں والی سرخ رنگ کی گاڑی میں لوگوں پر فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا تھا۔

محکمہ پولیس کے ترجمان وکٹر ایلوا کے مطابق ملزم اسٹریم ریاست کے دارالحکومت ڈینور سے سولہ کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر تھارنٹن میں بدھ کی شام چھے بجے کے بعد ایک اسٹور میں بڑے آرام سے داخل ہوا تھا اور اس نے وہاں گاہکوں اور ملازمین پر اچانک اور بلا امتیاز فائرنگ شروع کردی تھی۔

وال مارٹ میں دو افراد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے اور ایک عورت کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی تھی۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ دہشت گردی کی کارروائی نہیں ہے کیونکہ اس کی کسی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔