.

سعودی عرب میں 30 خواتین نے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کر لیا

امتحان پاس کرنے والی خواتین کی عمریں 20 سے 50 برس کے درمیان تھیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کے اعلان کے فیصلے پر بطریق احسن عمل درآمد کے لئے تجویز کردہ اقدامات پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اس سلسلے میں سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے والی نجی کمپنی نے بتایا ہے کہ اس نے اب تک 30 سے زیادہ خواتین کو ڈرائیونگ کورس کامیابی سے مکمل کروا دیا ہے۔ کمپنی نے خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لئے ہیں۔ ڈرائیونگ سیکھنے والی خواتین کو خدمات فراہم کرنے کیلئے 150 سے زائد عملہ بھرتی کیا گیا ہے۔ جن خواتین نے کورس مکمل کرلیا ہے وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی اہل بن چکی ہیں۔

کمپنی ذرائع نے کہا ہے کہ مردوں کے ڈرائیونگ اسکولوں کی طرز پر خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی تربیت دی جاتی ہے۔ ٹریفک قوانین اور سلامتی کے تمام امور سے نہ صرف انہیں بخوبی آگاہ کیا جاتا ہے بلکہ ان کا عملی امتحان بھی لیا جاتا ہے۔ کورس مکمل کرنے والی خواتین میں سب سے عمر رسیدہ خاتون کی عمر 50 سال تھی جبکہ کم عمر 20 سال تھی۔