.

امریکا: ٹیکساس کے گرجا گھر میں فائرنگ سے 26 افراد ہلاک

حملہ آور مشین گن اور بلٹ پروف جیکٹ سے لیس تھا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی پولیس کا کہنا ہے ریاست ٹیکساس کے ایک گرجا گھر میں مسلح شخص کی فائرنگ سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حملہ بھی مارا گیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس نے خود کشی کی یا سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی، تاہم وہ سفید اور عمر میں بیس سال کے قریب لگتا ہے۔ وہ بلٹ پروف جیکٹ اور مشین گن سے لیس تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ولسن کاؤنٹی میں سدرلینڈ سپرنگز کے فرسٹ بیپٹسٹ چرچ میں فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہاں عبادات کی جا رہی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

گورنر گریگ ایبٹ نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکساس کی تاریخ کی بدترین فائرنگ کا واقعہ ہے۔

انھوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ان کے لیے انتہائی غمگین ہے جو اس وقت درد میں ہیں۔‘

سان اینٹونیو ایف بی آئی برانچ کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکار تعینات تھے تاہم مسلح شخص کی جانب سے اس قسم کے حملے کا کوئی اشارہ نہیں ملا تھا۔

مسلح حملہ آور جو کہ اطلاعات کے مطابق مارا جا چکا ہے نے مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے چرچ میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔

پولیس ترجمان نے سی این این کو بتایا ہے کہ ’ابھی یہ واضح نہیں کہ حملہ آور کو پولیس نے ہلاک کیا یا اس نے خود اپنی جان لی۔‘

ایف بی آئی نے مزید کہا کہ اب تک صرف ایک ہی شوٹر کی اطلاعات ملی ہیں تاہم وہ تمام واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

تازہ تصاویر اور ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو ایشیائی ملکوں کے بارہ روزہ دورے پر جاپان میں ہیں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کارروائی کو افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر پوسٹ ایک بیان میں انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ چرچ پر حملے کی فوری تحقیقات شروع کریں۔ تاحال کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم حکام دہشت گردی کےپہلو سے اس کی چھان بین کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ پچھلے ماہ امریکی ریاست لاس ویگاس میں ایک محفل موسیقی میں فائرنگ کے نتیجے میں 58 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔