.

میچ جیتنے والی ٹیم کے حامی کوجان سے مار دیا گیا

میکسیکو میں پیش آنے والے المناک واقعے کی ویڈیو جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

میکسیکو میں فٹ بال کے کھیل ختم ہونے کے بعد شکست خوردہ ٹیم کے برہم تماشائیوں نے حریف ٹیم پرحملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک کردیا جب کہ ہنگامہ آرائی کے دوران بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ بھی کی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ المناک واقعہ میکسیکو کے شہر ’فریسنیلو‘ میں گذشتہ بدھ کو اس وقت پیش آیا جب فٹ بال کی دو ٹیموں کے درمیان میچ ختم ہوا تو ہارنے والی ٹیم کے حامیوں نے اسٹیڈیم میں جیت کا جشن منانے والی ٹٰیم کے کھلاڑیوں اور تماشائیوں پر چڑھائی کردی۔

شکست خوردہ ٹیم کی چڑھائی کے جواب میں ایک شخص نے پھتراؤ شروع کیا تو دوسری طرف سے ایک شخص نے اس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے پیش آیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ دو افراد نے کی اور دونوں اب مفرور ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔

مخالف ٹیم کے حامی کو یوں سرے عام گولی مارے جانے کا ایک ویڈیو کلپ انٹرنیٹ پر پوسٹ کیا گیا ہے۔ مقتول کی عمر چالیس سال بتائی جاتی ہے۔