.

’’بدھ کو لبنان آؤں گا‘‘:سعد الحریری کا صدر مشعل عون کو فون

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے سعود ی عرب سے فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچنے کے بعد صدر مشعل عون کو فون کیا ہے اور انھیں مطلع کیا ہے کہ وہ آیندہ بدھ کو بیروت لوٹ آئیں گے۔

لبنان کی قومی خبررساں ایجنسی ( این این اے) کے مطابق سعد الحریری نے صدر کو بتایا ہے کہ وہ بد ھ کو ملک کے یوم ِ آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔

اس سے پہلے مستعفی وزیراعظم کی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں اور یہ کہا جارہا تھا کہ وہ شاید اس مرتبہ ان میں شریک نہیں ہوں گے۔عام طور پر یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں لبنان کے صدر ، وزیراعظم اور پارلیمان کے اسپیکر شرکت کرتے ہیں۔

این این اے نے ایوان صدر کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سعد الحریری نے صدر عون کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہفتے کی صبح پیرس پہنچنے کی اطلاع دی ہے۔وہ 4 نومبر کو ایک نشری تقریر میں وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سے سعودی دارالحکومت الریاض میں مقیم تھے۔لبنانی صدر نے ابھی تک ان کا استعفا منظور نہیں کیا ہے۔