.

العریش مسجد میں نمازیوں کے قتل عام کی ویڈیو جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصرکے سرحدی علاقےالعریش میں کل جمعہ کے روز جامع مسجد الروضہ میں دہشت گردی کے بدترین واقعے اور نمازیوں کے قتل عام کی ایک فوٹیج سامنے آئی ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ نے بھی العریش کی الروضہ مسجد کی فوٹیج نشر کی ہے۔

خیال رہے کہ کل جمعہ کو مصر کے صوبے شمالی سیناء کے شہر العریش میں ایک مسجد کے احاطے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں آخری اطلاعات آنے تک 235 افراد جاں بحق اور 109 زخمی ہو گئے تھے۔ شہداء اور زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مصری میڈیا کے مطابق دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد مسجد کے نزدیک نصب کیا تھا جو جمعے کی نماز کے دوران پھٹ گیا۔

عینی شاہدین نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ زخمیوں کو منتقل کرنے کی کارروائی کے دوران نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے ایمبولینس کی گاڑیوں پر فائرنگ بھی کی۔

واقعے کے فوری بعد صدر عبدالفتاح السیسی نے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور اجلاس میں مسجد میں نمازیوں کے قتل عام کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔