.

العریش مسجد کے متعدد حملہ آور دہشت گرد کارروائی میں ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری فوج نے گذشتہ روز العریش کے مقام پر ایک مسجد میں نمازیوں کے قتل عام میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ رات گئے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں میں متعدد شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق گذشتہ روز شمالی سیناء کے العریش شہر میں بئرالعبد کے مقام پر قائم مسجد الروضہ پر دہشت گردوں نے نماز جمعہ کے وقت حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں 235 نمازی شہید اور ایک سو سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔

مصری فوج کے ترجمان کرنل تامر الرفاعی نے بتایا کہ الروضہ مسجد پر حملہ کرنے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ الحد کے مقام پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مکمل صفایا تک آپریشن جاری رکھا جائے گا۔