.

جنوبی افریقہ کی حسینہ نے مس یونیورس ’17 کا مقابلہ جیت لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کے شہرلاس ویگاس میں سجے رنگارنگ 66 ویں مس یونیورس مقابلے کا تاج جنوبی افریقہ کی حسینہ کے سر پر سج گیا۔ وہ جنوبی افریقہ کی دوسری خاتون ہیں، جنہوں نے مس یونیورس کا ٹائٹل جیتا۔

بائیس سالہ ڈیمی لیہہ نیل پیٹر نے دنیا بھر سے آئی ہوئی 92 حسیناؤں کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی اور مِس یونیورس 2017 قرار پائیں۔

مقابلے کی میزبانی کے فرائض اسٹیو ہاروے نے سرانجام دیئے، جنہوں نے اس سے قبل 2015 میں شو کی میزبانی کے دوران فلپائنی حسینہ کی جگہ مس یونیورس کا خطاب 'غلطی سے' مِس کولمبیا کو دے دیا تھا، جس پر انہیں شدید تنقید اور مذاق کا نشانہ بنایا گیا تھا۔



رواں برس عالمی مقابلہ حسن میں تین ممالک کی حسیناؤں نے پہلی مرتبہ شرکت کی، جن میں کمبوڈیا، لاؤس اور نیپال شامل ہیں۔دوسری جانب 45 سال بعد عراق کی حسینہ بھی مقابلے میں شریک ہوئیں۔

مس یونیورس کا ٹائٹل جیتنے والی ڈیمی لیہہ نیل پیٹرز کو ایک سال کا معاوضہ اور نیویارک شہر میں ایک لگژری اپارٹمنٹ کے ساتھ ساتھ دیگر انعامات بھی دیئے گئے۔ڈیمی لیہہ نیل پیٹرز بطور سیلف ڈیفنس ٹرینر کام کرتی ہیں، جنہوں نے حال ہی میں نارتھ-ویسٹ یونیورسٹی سے بزنس مینجمنٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔