.

متحدہ عرب امارات : 11 سالہ پاکستانی لڑکے کے قاتل کو سزائے موت کا حکم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں ایک عدالت نے ایک شقی القلب شخص کو اپنے بھانجے کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت کا حکم دیا ہے۔

ابو ظبی کی فوجداری عدالت نے سوموار کو اس شخص کو گیارہ سالہ لڑکے اذان ماجد جنجوعہ کے قتل کے جرم میں قصور وار قرار دیا ہے اور سزا سنائی ہے۔اس کی لاش امارات کے دارالحکومت میں اس عمارت کی چھت سے ملی تھی ،جہاں اس کا خاندان قیام پذیر ہے۔

عدالت نے مجرم کو مقتول لڑکے کے وارثوں کو دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق مجرم اس لڑکے کو ورغلا کر عمارت کی چھت پر لے گیا تھا۔اس عمارت میں لگے کلوز سرکٹ کیمروں سے اس کی شناخت ہوئی تھی اور تب اس نے سیاہ رنگ کا برقع پہن رکھا تھا۔اس نے چھت پر بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور پھر اس کو قتل کردیا تھا۔