.

صنعاء: حوثیوں کےمکان پر حملے کے بعد علی صالح کا اتا پتا نامعلوم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں حوثی شیعہ باغیوں نے سابق صدر علی عبداللہ صالح کے مکان کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ اس کے بعد سابق صدر کے اتا پتا کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں۔

صنعا ء کے مکینوں نے سوموار کو شہر کے وسط میں واقع معزول صدر کے مکان کو دھماکے سے اڑائے جانے کی اطلاع دی ہے۔تاہم علی صالح کی جماعت جنرل پیپلز کانگریس کے ایک عہدہ دار نے اس اطلاع کی تردید کرتے ہوئے اس کو حوثیوں کا پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

صنعاء میں گذشتہ چھے روز سے علی صالح کے وفاداروں اور ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں اور حوثیوں کے خلاف لڑائی میں سابق صدر کے وفاداروں کی شکست کے آثار ظاہر ہورہے ہیں۔

دریں اثناء بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے کہا ہے کہ گذشتہ بدھ سے یمنی دارالحکومت میں حوثیوں اور صالح فورسز کے درمیان جاری لڑائی میں 125 افراد ہلاک اور 238 زخمی ہوگئے ہیں۔