.

حوثی ملیشیا یمنی فوج کی چوکیوں پر بیلسٹک میزائل داغنے میں ناکام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حوثی ملیشیا یمن کے وسطی صوبے البیضاء سے مآرب میں یمن فوج کی چوکیوں کی جانب ایک بیلسٹک میزائل داغنے میں ناکام رہی ہے جبکہ لڑائی میں دسیوں حوثی باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔

یمنی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے صوبے البیضاء میں تزویراتی اہمیت کی حامل متعدد جگہوں کو حوثیوں سے آزاد کر ا لیا ہے۔اس سے پہلے فوج نے ہمسایہ صوبے شبوہ میں واقع ضلع بیحان میں حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ بہت سے علاقوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔

یمنی فوج کی ایک نیوز ویب سائٹ نے یہ اطلاع دی ہے کہ فوج اور عوامی مزاحمتی فورسز کی حوثی باغیوں کے ساتھ دونوں صوبوں البیضاء اور شبوہ کے درمیان واقع سرحدی علاقے میں شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں اور سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد کے لڑاکا طیارو ں نے حوثیوں کے ایک ٹینک اور متعدد فوجی گاڑیوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔

یمنی فوج کے ساتھ لڑائی اور عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں دسیوں حوثی باغی ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔