.

اسرائیل کو "غیر حقیقی" شمار کرنے پر فرانسیسی میگزین کا شمارہ واپس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فرانس میں ایک اشاعتی گروپ Bayer نے اعلان کیا ہے کہ بچوں کے لیے فرانسیسی زبان کے میگزین Youpi کا تازہ ترین شمارہ منگل کے روز مارکیٹ سے واپس اٹھا لیا جائے گا۔ اس اقدام کا سبب میگزین میں شامل وہ نقشہ ہے جس کے مطابق اسرائیل "کوئی حقیقی ریاست نہیں" ہے۔

فرانس میں یہودی اداروں کی نمائندہ کونسل کے سربراہ فرانسس کیلیفات نے مذکورہ اشاعتی گروپ سے اس میگزین کے تازہ شمارے کی کاپیاں واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

میگزین کے جنوری 2018 کے شمارے میں دنیا کا ایک نقشہ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ایک جانب تحریر ہے کہ "دنیا میں 197 ممالک ہیں جیسے فرانس ، جرمنی اور الجزائر وغیرہ.. ان کے علاوہ بھی مزید ممالک ہیں تاہم دنیا کے تمام ممالک اس بات پر آمادہ نہیں کہ یہ مزید ممالک مثلا اسرائیل یا شمالی کوریا وغیرہ حقیقی ریاستیں ہیں۔

میگزین کو شائع کرنے والے پبلشنگ گروپ Bayer کے چیئرمین پیسکل روفنیک نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ "ہم اس غلطی اور حماقت کا اقرار کرتے ہیں ، ہم اسرائیلی ریاست کے وجود پر اعتراض نہیں کرنا چاہتے ہیں"۔

ادھر فرانسس کیلیفات کا کہنا ہے کہ اُن کی درخواست پر Bayer گروپ Youpi میگزین کا شمارہ نمبر 52 مارکیٹ سے واپس اٹھا لے گا۔

یہودی تنظیموں کی کونسل نے میگزین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ شمارے میں تصحیح شائع کرے اور ساتھ یہ ایک مضمون میں یہ بھی واضح کرے کہ اسرائیلی ریاست کیا ہے اور وہ کیسے اور کیوں وجود میں آئی۔