.

ایرانی عوام اپنے وسائل کی لوٹ مار کے حوالے سے بیدار ہوچکے: ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں حکومت کے خلاف جاری عوامی احتجاجی تحریک کی ایک بار پھر بھرپور حمایت اور تائید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایرانی قوم اب بیدار ہوچکے ہیں اور انھیں احساس ہوگیا ہے کہ اقتدار پر مسلط ٹولا کس طرح ان کے اموال اور وسائل کی لوٹ مار کر کے اسے دہشت گردی کے مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایک ’ٹویٹ‘ میں کہا کہ آج کے بعد ایرانی قوم اپنے وسائل کی لوٹ مار کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

ٹرمپ کی ٹویٹس نے ایرانی حکومت کو سخت سیخ پا کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر اور دھوکا دینے والے امریکی عہدیداروں کو ایرانی عوام سے ہمدردی جتلانے کی ضرورت نہیں۔ ایرانی عوام دھوکے بازوں کی باتوں پر یقین نہیں رکھتے۔

خیال رہے کہ ایران میں گذشتہ جمعرات سے حکومت مخالف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور یہ تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ دو روز قبل ایرانی پولیس کی فائرنگ سے چار مظاہرین جاں بحق ہوچکے تھے۔ احتجاج کو کچلنے کے لیے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے جس کے دوران سیکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔