.

پاک بھارت سیاسی حالات میں بہتری تک کرکٹ نہیں ہوسکتی: سشما سوراج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ جب تک پاک بھارت تعلقات میں مزید بہتری نہیں آتی اس وقت تک دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد نہیں ہو سکتا۔

اپنے ایک تازہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں جبکہ دونوں ممالک کے افواج کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے اور سرحدوں پر تناو کی کیفیت طاری ہے ایسے وقت میں دونوں ممالک کے کھلاڑی گراونڈ میں اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کیسے کر سکتے ہیں۔

دبائو میں رکھ کر کھلاڑیوں کو کھیلنے پر مجبور کرنے سے بہتر ہے کہ موزوں وقت کا انتظار کیا جائے اور جیسے ہی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی ہو اور حالات پھر سے بہتر ہو جائیں کرکٹ میچز کا انعقاد کر دیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار بھارت نہ صرف دورہ پاکستان بلکہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے سے بھی انکار کر چکا ہے ۔ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے کئی بار اس کا دورہ پاکستان اور پاکستانی ٹیم کا دورہ بھارت منسوخ ہوا۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ بھارت دونوں ملکوں کے درمیان ہوم اینڈ اوے سیریز کھیلنے سے انکاری ہے مگر بین الاقوامی ایونٹس مثلاً ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ، ففٹی اوورز ورلڈ کپ اور ایشیا کپ جیسے ایونٹس میں پاکستان کا مقابلہ کرنے سے نہیں کتراتا ۔ ماضی قریب میں ہی پاکستان کے ہاتھوں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں فخر زمان کی شاندار سنچری اور پاکستانی بائولرز کی زبردست کارکردگی کی وجہ سے بھارت کو ذلت آمیز شکست کا زخم بھی جھیلنا پڑا تھا۔