.

ایرانیوں کو ’’مناسب وقت‘‘ پر امریکی حمایت حاصل ہوگی: ڈونلڈ ٹرمپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکا ’’ مناسب وقت ‘‘ پر ایران میں مظاہرے کرنے والے افراد کی حمایت کرے گا۔

امریکی صدر ایران میں گذشتہ جمعرات سے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک افراد کے حق میں روز انہ ہی ٹویٹ کی صورت میں ایک نیا بیان داغ رہے ہیں اور اس میں ایرانی مظاہرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کررہے ہیں۔

انھوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نئی پوسٹ میں لکھا ہے:’’ ایران میں اپنی بدعنوان حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے والے عوام کے لیے ہم احترام کا اظہار کرتے ہیں۔ آپ (ایرانی) مناسب وقت پر امریکا کی جانب سے عظیم حمایت ملاحظہ کریں گے‘‘۔

ایرانی صدر حسن روحانی اور ان کی حکومت صدر ٹرمپ کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کو مسترد کر چکے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے کچھ عرصہ قبل ہی ایرانیوں کو ایک دہشت گرد قوم قرار دیا تھا اور اب انھیں اسی قوم کے افراد کے ساتھ ہمدردی جتلانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔