.

ایران میں احتجاج، سلامتی کونسل، انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس طلب

عالمی برادری ایران میں احتجاج کی حمایت کرے: امریکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران میں جاری عوامی احتجاج اور آمرانہ حکومت سے نجات کے لیے جاری تحریک کے حوالے سے امریکا نے نیویارک میں سلامتی کونسل اور جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ ایران عوام کو آزادی کا حق حاصل ہے۔ ان کا ملک ایرانی عوام کے تمام جائز مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کی تحریک آزادی کو طاقت کے ہتھکنڈوں سے دبانے کی ایرانی سازشوں پر ہمیں خاموش تماشائی نہیں رہنا چاہیے بلکہ ہمیں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران میں شروع ہونے والے احتجاج کو باہر سے کنٹرول کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ یہ احتجاج براہ راست ایرانی عوام نے ملک کے اندر ہی سے شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہ خوبی جانتےہیں کہ ایران اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے عوام کو بیرونی آقاؤں کے ایجنٹ قرار دیتا ہے۔ یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے کہ ایران میں جاری عوامی بغاوت کے پیچھے امریکا یا کسی دوسرے ملک کا ہاتھ ہے۔ ایرانی عوام نے سال ہا سال سے مسلط آمریت سے تنگ آ کر آزادی کی تحریک شروع کی ہے۔

نکی ہیلی نے مزید کہا کہ ایران میں احتجاج کو دبانے کے لیے ریاستی طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہری آزادیوں کو کچلنے کے لیےایران میں اقوام متحدہ کے بنیادی شہری حقوق کو کھلے عام پامال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا عالمی برادری کو سنہ 2009ء کے ایرانی احتجاج پر منفی رد عمل کی غلطی نہیں دہرانی چاہیے بلکہ ہمیں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی پوری تاریخ وحشت، بربریت اور قتل عام جیسے مکروہ واقعات سے بھری پڑی ہے۔

ادھر ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ حکومت قومی وسائل کو بیرونی سازشوں کو روکنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کو الزام عاید کیا کہ احتجاج کرنے والے اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں کے ایجنٹ ہیں۔ ایران میں سات دن سے جاری احتجاج کی تحریک کے دوران سیکڑوں شہری گرفتار اور دسیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا گیا ہے۔