.

برطانیہ : انتہائی دائیں بازو گروپ سے تعلق کے الزام میں 6 مشتبہ افراد گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانیہ میں انسداد دہشت گردی پولیس نے انتہائی دائیں بازو کے ایک کالعدم گروپ نیشنل ایکشن سے تعلق کے الزام میں ایک عورت سمیت چھے مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

برطانوی پولیس نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار کیے گئے پانچ مردوں کی عمریں بیس اور تیس سال کے درمیان ہیں ۔گرفتار عورت کی عمر سینتیس سال ہے۔انھیں برطانیہ کے وسطی اور شمالی علاقوں میں مختلف چھاپا مار کارروائیوں کے دوران میں انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پکڑا گیا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی پہلے سے طے شدہ تھی اور ان سے تحفظ عامہ کو کوئی خطرات لاحق نہیں تھے۔

برطانوی حکومت نے اس نیو نازی گروپ کو 2016ء میں کالعدم قرار دے دیا تھا ۔ انتہائی دائیں بازو کے اس گروپ نے برطانو ی پارلیمان کی رکن جو کاکس کے قتل کی تعریف کی تھی۔

گذشتہ سال اس گروپ سے تعلق کے الزام میں ایک شخص کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اس پر ایک سیاست دان اور فوجیوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بھی نیشنل ایکشن کے متعدد مشتبہ ارکان کو تشدد آمیز سرگرمیوں کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں پکڑا گیا تھا۔