.

میرا جوہری بٹن زیادہ بڑا اور طاقت ور ہے: ٹرمپ کا کِم جونگ کو جواب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایک بیان میں شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کے دو روز قبل کیے جانے والے اعلان کا تمسخر اڑایا ہے جس میں جونگ نے کہا تھا کہ "جوہری بٹن ہر وقت اُن کی میز پر موجود ہوتا ہے"۔

ٹرمپ نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ "شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا کہنا ہے کہ جوہری بٹن ہمہ وقت اُن کی میز پر رہتا ہے۔ اُن کی بھوک کی ماری ہوئی حکومت کا کوئی شخص اُنہیں یہ بھی بتا دے کہ میں بھی ایک جوہری بٹن رکھتا ہوں تاہم وہ اُن کے بٹن سے بڑا اور طاقت ور ہے اور کام بھی کرتا ہے"۔

کِم نے پیر کے روز ٹیلی وژن پر ایک خطاب میں کہا تھا کہ "پورا امریکا ہمارے جوہری ہتھیاروں کے نشانے پر ہے اور جوہری بٹن ہمیشہ میری میز پر ہوتا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کوئی دھمکی نہیں"۔ کم جونگ نے باور کرایا کہ شمالی کوریا اس بات کی پوری قدرت رکھتا ہے کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی جوہری خطرے کا مقابلہ کر سکے اور وہ ایسی طاقت ور جوابی کارروائی کر سکتا ہے جو امریکا کو آگ سے کھیلنے سے روک دے"۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے گزشتہ بدھ کے روز باور کرایا تھا کہ شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے غیر مسلح کرنے کے لیے اُس پر دباؤ باقی رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ عالمی سلامتی کونسل نے گزشتہ ہفتے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں جن کے تحت اُس کے میزائل اور جوہری پروگرام کے لیے تیل کی درآمدات پر روک لگا دی گئی ہے۔