.

ایرانی عوام حکمران ٹولے سے مراعات کا حساب چاہتے ہیں: نکی ہیلی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں عوام کے پرامن اور آئینی احتجاج پر مبنی تحریک کو شام کے عوامی احتجاج کی طرح کچلا جا سکتا ہے۔

جمعہ کے روز ایران میں جاری عوامی انتفاضہ کے حوالے سے امریکا کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام ملک کے کئی شہروں میں پرامن مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان مظاہرین کو کسی بیرونی طاقت کی مدد حاصل نہیں بلکہ عوام براہ راست احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران میں ہونے والے پرامن احتجاج کو شام میں ہونے والے مظاہروں کی طرح کچلا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا کیا گیا تو ایران دوسرا شام بن جائے گا۔

قبل ازیں سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں ایران کی صورت حال کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

نکی ہیلی نے روس اور بعض دوسرے ملکوں کی طرف سے ایران میں مداخلت کے الزمات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف نہیں اکسایا مگر ہم عوامی مطالبات کی پر زور حمایت جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا آزادی، بھائی چارے اور عزت کے حصول کے لیے احتجاج کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ ایرانی رجیم اپنی قوم کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہے جس کا اظہار عوام احتجاج کی شکل میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایرانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جو کچھ تم کر رہے ہو، اسے دنیا دیکھ رہی ہے‘۔

نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کی طرف سے اپنی حکومت سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ عراق، یمن اور شام میں مالی امداد فراہم کرنا بند کرے اور بیرون ملک مداخلت کے لیے امداد کے بجائے اپنی قوم کی غربت دور کرنے پر توجہ دے۔ ایران بشار الاسد کی مالی معاونت کے لیے سالانہ چھ ارب ڈالر کی امداد فراہم کر رہا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے معاون برائے سیاسی امور ٹائی بروک زاھیرون نے ایران میں جاری احتجاج کے حوالے سے ایک رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے ملک کے مذہبی حکمرانوں اور بعض سیکیورٹی اداروں کو دی گئی مراعات پر تنقید کی ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی عوام خطے میں ایرانی پیسہ استعمال کرنے پر حکومت کی مخالفت کر رہے ہیں۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں فرانسیسی مندوب نے ایران میں جاری عوامی احتجاج پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال سے سختی سے گریز کرے۔ فرانسیسی مندوب نے ایران میں پرامن مظاہرین کی گرفتاریوں اور ان کے قتل عام کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے پرامن احتجاج کا بھرپور حق ہے۔

کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ ایران کو مظاہرین کے حقوق اور مطالبات کا ہرصورت میں احترام کرنا ہو گا۔

برطانوی ایلچی نے ایران میں عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی اور ایران پر انسانی حقوق کی پامالیوں کا الزام عاید کیا۔

روس نے ایران میں مظاہروں کے حوالے سے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی مخالفت کی تھی۔ اجلاس کے انعقاد سے آدھ گھنٹہ قبل روس کی طرف سے بند کمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے امریکا پر ایران میں مداخلت کا الزام عاید کیا۔

خبر رساں ایجنسی 'انٹر فیکس' کے مطاق نائب وزیر خارجہ سیگری ریابکوف نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا، ایران میں علانیہ اور خفیہ دونوں طرح سے مداخلت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا موجودہ حالات میں ایرانی مظاہروں کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر لانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔