
حوثی باغی یمنی بندر گاہوں پر حملوں کے لیے جنگجوؤں کو تربیت دے رہے ہیں: عرب اتحاد
یمنی بندر گاہوں میں امدادی جہازوں کے داخلے کے لیے 1800 اجازت نامے جاری کردیے گئے
سعودی عرب کی قیادت میں عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ریاض المالکی نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا اپنے جنگجوؤں کو بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے تربیت دے رہی ہے اور الحدیدہ کی بندر گاہ پر امدادی بحری جہازوں اور صنعا ء کے ہوائی اڈے سے اڑنے والے طیاروں پر حملوں کی دھمکیاں دے رہی ہے۔
انھوں نے بدھ کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ حوثی ملیشیا یمن کی بندرگاہوں کے نزدیک بحری جہازوں کی نقل وحرکت کو مانیٹر کرنے کے لیے راڈار استعمال کررہی ہے اور اس بات کے کافی شواہد موجود ہیں کہ یمن میں غیرملکی ماہرین حوثی جنگجوؤں کی تخریبی کارروائیوں میں معاونت کررہے ہیں۔
کرنل ریاض المالکی نے صحافیوں کو بتایا کہ یمن کی الحدیدہ بندر گاہ پر امدادی سامان سے لدے بحری جہازوں کے داخلے کا سلسلہ جاری ہے اور انھوں نے یمنی بندر گاہوں میں امدادی جہازوں کے داخلے کے لیے 1800 اجازت نامے جاری کردیے ہیں۔
