.

سعودی عرب کی آبادی 32 ملین سے متجاوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے محکمہ شماریات نے واضح کیا ہے کہ 2017ء کے دوران مملکت کی مجموعی آبادی 32552336 نفوس تک پہنچ گئی۔ سال 2016ء میں سعودی عرب کی آبادی 31742308 نفوس پر مشتمل تھی۔ ایک برس میں 2.52 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سعودی عرب کی کل آبادی میں 57.48 فیصد مرد اور 42.52 فیصد خواتین ہیں۔ اس حوالے سے 2016ء اور 2017ء کا آبادیاتی تناسب تقریباً ایک جیسا ہے۔ سال 2016ء میں مردوں کا تناسب 57.44 فیصد اور خواتین کا 42.56 فیصد تھا۔

مردم شماری کے نتائج کے مطابق سعودی شہریوں کی تعداد 20408362 پائی گئی۔ یہ کل آبادی کا 62.69 فیصد ہیں۔ سال 2016ء میں سعودی شہریوں کی تعداد 20064970 تھی۔ ایک برس کے دوران 343392 نفوس کا اضافہ ہوا۔ سال 2017ء میں سعودی مردوں کی تعداد 50.94 فیصد جبکہ خواتین کی 49.06 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سال 2016ء میں بھی لگ بھگ یہی تناسب تھا۔