.

سوڈان : مہنگائی مخالف مظاہرے کی کوریج کرتے ہوئے العربیہ ٹی وی کا نمایندہ گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں العربیہ نیوز چینل کے نمائندے عبدالعزیز ابراہیم کو مہنگائی کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرے کی کوریج کے دوران گرفتار کر لیا گیا ہے۔ العربیہ نے سوڈان کے سکیورٹی حکام پر واضح کیا ہے کہ وہ اس کے نمایندے کے تحفظ اور سلامتی کے ذمے دار ہوں گے۔

عبدالعزیز ابراہیم خرطوم میں ایک صدارتی محل کے نزدیک سوڈانی شہریوں کے روٹی کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی کوریج کررہے تھے۔اس دوران انھیں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے گرفتار کر لیا۔اس وقت سوڈانی پولیس کے اہلکار مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینک رہے اور ان پر ڈنڈے برسا رہے تھے۔

واضح رہے کہ سوڈانی حکومت نے حال ہی میں خود گندم کی درآمد بند کردی ہے اور نجی کمپنیوں کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔گندم کی منڈی میں طلب کے مقابلے میں رسد میں کمی کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے اور یہ دُگنا تک بڑھ گئی ہے جس کے بعد نانبائیوں نے بھی روٹی کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔

آٹے کی قیمت میں اضافے کے خلاف جنوری کے اوائل سے سوڈان کے مختلف شہروں میں شہری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور مختلف میڈیا ذرائع کی اطلاع کے مطابق آج خرطو م میں مہنگائی کے خلاف سب سے بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی اور اس میں سیکڑوں افراد شریک تھے۔

سوڈان کی حزب ِاختلاف کی جماعت کمیونسٹ پارٹی نے اس احتجاجی مظاہرے کی اپیل کی تھی۔مظاہرین نے بھوک اور مہنگائی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینکے اور ان پر لاٹھیاں بھی برسائی ہیں۔