.

یو اے ای : مکان میں آتش زدگی اور دم گھٹنے سے سات کم سن بہن، بھائی جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں ایک مکان میں آگ لگنے کے بعد دھواں پھیل جانے سے سات بہن بھائی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ان کی عمریں پانچ اور تیرہ سال کے درمیان تھیں۔

یہ افسوس ناک واقعہ یو اے ای میں شامل مشرقی امارت فجیرہ میں پیش آیا ہے۔ پولیس کے ایک بیان کے مطابق ان بچوں کی ماں جب سوموار کی صبح بیدار ہوئی تو اس کو گھر میں آگ لگنے کا پتا چلا تھا۔ اس کی اطلاع پر فوری طور پر آگ بجھانے والا عملہ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئیں لیکن ان کے وہاں پہنچنے سے پہلے ہی ساتوں بچے جان کی بازی ہا رچکے تھے۔متوفیوں میں تین بچے اور چار بچیاں ہیں۔

مقامی پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔انھوں نے امارات کے تمام مکینوں پر زوردیا ہے کہ وہ حفظ ماتقدم کے طور پر اپنے گھروں میں دھویں کا پتا چلانے والے ڈیٹیکٹر نصب کریں۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے ایک ہی خاندان کے سات بچوں کی اس اندوہ ناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے ٹویٹر پر ایک بیان میں متاثرہ خاندان سے پوری قوم کی جانب سے تعزیت کی ہے۔