.

سعودی شاہ اور ولی عہد سے امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال ریان کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر پال ریان نے بدھ کے روز اپنے وفد کے ساتھ ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں اتحادی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ملاقات میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز ، مکہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز ، امریکا میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان ، جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ خالد الحدریان موجود تھے ۔

امریکا کی جانب سے الریاض میں امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور کرسٹوفر ہینزل ، ایوان نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چئیرمین میک تھورن بیری ، انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین ڈیون ننس اور اسپیکر کے ساتھ آنے والے کانگریس کے بعض دوسرے ارکان ملاقات میں شریک تھے۔

پال ریان جمعرات کو ابو ظبی جائیں گے جہاں وہ امریکا اور سعودی عرب کے قریبی اتحادی ملک متحدہ عرب امارات کی قیادت سے بات چیت کریں گے ۔