.

ابوظبی کی مرکزی شاہراہ پر شدید دھند کے باعث درجنوں کاریں آپس میں ٹکر اگئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ابو ظبی میں منگل کی صبح شدید دھند کے باعث درجنوں کاریں حادثات کا شکار ہوگئی ہیں۔ مقامی میڈیا کی اطلاع کے مطابق ایک مرکزی شاہراہ پر چالیس سے ستر تک کاریں شدید دھند کی وجہ سے آپس میں ٹکرائی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی ہے جس میں حادثات کا شکار ہونے والی کاروں سے ڈرائیور باہر نکل رہے ہیں۔اس دوران میں ایک تیز رفتار ٹرک بھی ان سے آ کر ٹکرا جاتا ہے۔کاروں سے نکلنے والے افراد اس سے بچنے کے لیے بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں۔

الخلیج آن لائن کی رپورٹ کے مطابق شدید دھند کے باعث ابو ظبی اور دبئی کے درمیان واقع مرکزی شاہراہ پرمتعدد کارو ں کے درمیان تصادم ہوئے ہیں ۔بعض دیگر رپورٹس کے مطابق ایک حادثہ العین شاہراہ پر پیش آیا ہے اور حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور طبی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

دبئی سے شائع ہونے والے اخبار البیان نے یہ اطلاع دی ہے کہ ٹریفک پولیس شدید دھند کے باعث شیخ محمد راشد ہائی وے پر پیش آنے والے تین اور حادثات کی جگہ پر بھی پہنچی ہے۔ دو حادثات العین کے علاقے میں پیش آئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق ابو ظبی اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں آیندہ ہفتے کے روز تک شدید دھند چھائی رہے گی اور موسم سرد رہے گا۔پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی حادثے کی جگہ پر اپنی گاڑیوں کو آہستہ نہ کریں ۔اس سے گاڑیوں کی روانی میں خلل پڑتا ہے اور ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔