.

سعودی عرب : کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں رائین ،بیشا روڈ پر کار کے خوف ناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چھے افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

حادثے کا شکار ہونے والا خاندان اپنے ایک عزیز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے خمیس مشیط جار ہا تھا۔ان کا یہ عزیز بھی ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔ الریاض ، رائین، بیشا روڈ تین سال قبل تعمیر کی گئی تھی اور تب سے اب تک اس پر متعدد خوف ناک حادثات پیش آچکے ہیں۔

سعودی عرب کے جنوبی علاقے عسیر میں واقع علاقے میں اسی شاہراہ پر گذشتہ ہفتے دو حادثات میں چودہ افراد مارے گئے تھے۔اس کے بعد سے رائین، بیشا روڈ پر محفوظ سفر کے حوالے سے سوال اٹھائے جارہے ہیں۔علاقے کے مکینوں نے پانچ سو کلومیٹر طویل اس دو رویہ شاہراہ محفوظ سفر کے حوالے سے اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے ٹرانسپورٹ کی وزارت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے اس شاہراہ کو دو حصوں میں تقسیم کرکے یک طرفہ کیا جائے اور درمیان میں کنکریٹ کی رکاوٹ کھڑی کی جائے ۔اس کے علاوہ اس شاہراہ کے دونوں اطراف باڑ لگائی جائے تاکہ اونٹ اور دوسرے جانور اس پر نہ آسکیں اور تیز رفتار گاڑیوں کے حادثات کا سبب نہ بن سکیں ۔