.

دنیا بھرمیں بدترین ٹریفک جام والے شہر یہ ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گزشتہ برس 2017 دنیا بھر میں بدترین ٹریفک جام کے لحاظ سے شہروں کی فہرست میں لاس اینجلس پہلے نمبر پر رہا۔ ماسکو اور نیویارک مساوی طور پر دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ بات گاڑیوں سے متعلق تجزیوں کی خصوصی کمپنی "انریکس" کی جانب سے جاری مطالعاتی تحقیق کے نتائج میں سامنے آئی۔

لا س اینجلس کے رہنے والوں نے گزشتہ برس 102 گھنٹے ٹریفک جام میں رہ کر گزارے۔ اس کے مقابلے میں ماسکو اور نیویارک کے باسیوں نے مساوی طور پر 91 گھنٹے برباد کیے۔ اس کے بعد کی پوزیشنوں پر ساؤ پاؤلو (86 گھنٹے) ، سان فرانسسکو (79 گھنٹے) ، بگوٹا (75 گھنٹے) اور لندن (74 گھنٹے) ہے۔ پیرس 69 گھنٹوں کے ٹریفک جام کے ساتھ فہرست میں نویں نمبر پر ہے۔

ملکوں کی سطح پر تھائی لینڈ اُن ملکوں میں سرفہرست ہے جہاں کے ڈرائیور گاڑیوں میں سب سے زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ اس کے بعد انڈونیشیا ، کولمبیا اور پھر وینزویلا کا نمبر ہے۔ روس اس فہرست میں چھٹی اور امریکا اور برازیل ساتویں پوزیشن پر ہیں۔

انریکس کمپنی نے فہرست کی درجہ بندی میں 38 ممالک اور 1360 شہروں کی معلومات کو شامل کیا۔ یہ اپنی نوعیت کی وسیع ترین اعداد و شمار کی حامل رپورٹ ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ڈرائیور کو گاڑی میں پھنسے رہنے کے سبب ایندھن اور کام کا وقت ضائع ہونے کی مد میں سالانہ 1445 ڈالر کا خسارہ ہوتا ہے۔ ملکی سطح پر یہ حجم 300 ارب ڈالر بنتا ہے جہاں گاڑیوں کی مجموعی تعداد 21.1 کروڑ ہے۔