.

روسی صدر سے ملاقات کے حوالے سے غلط بیانی پر ولندیزی وزیر خارجہ مستعفی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہالیںڈ کے وزیر خارجہ ہالبے زاسترا نے منگل کے روز اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ ہالبے کا یہ اعلان اُن کے اس اعتراف کے بعد سامنے آیا کہ کئی برس پہلے روسی صدر ولادیمر پوتین کے ساتھ متنازع ملاقات میں موجودگی کے حوالے سے انہوں نے غلط بیانی کی تھی۔

پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس میں پُر نم آنکھوں کے ساتھ 49 سالہ وزیر نے کہا کہ "آج میرے سامنے اس کے سوا کوئی آپشن نہیں کہ میں بادشاہ کو اپنا استعفیٰ پیش کر دوں"۔ انہوں نے باور کرایا کہ ملک کے وزیر خارجہ کی صداقت "شکوک و شبہات سے بالا تر ہونی چاہیے"۔

ہالبے نے محض چار ماہ قبل وزیر کا منصب سنبھالا تھا۔

مستعفی وزیر اقرار کر چکے ہیں کہ انہوں نے 12 سال قبل ولادیمر پوتین کے گھر میں ہونے والی ملاقات میں اپنی موجودگی کے حوالے سے جھوٹ بولا تھا۔

گزشتہ برس اکتوبر میں ہالبے کو بطور وزیر خارجہ متعین کیا گیا تو اُن کے ناکافی سفارتی تجربے کے سبب اس فیصلے کو حیران کن قرار دیا گیا تھا۔