.

یمنی فوج کی میدی کے محاذ پر پیش قدمی ،لڑائی میں 40 حوثی جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے ضلع میدی میں قومی فوج نے شدید لڑائی میں دسیوں حوثی باغیوں کو ہلاک کردیا ہے اور اس محاذ پر پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔

یمن میں موجود العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ میدی کے محاذ پر بدھ کو اتحادی طیاروں کی بمباری میں 40 حوثی جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ایک عسکری ذریعے نے بتایا ہے کہ بمباری میں حوثیوں کی بھاری مشینری اور متعدد ٹھکانوں کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا گیا ہے اور انھیں تباہ کردیا گیا ہے۔اتحادی طیاروں نے میدی کے مغرب میں ان کے ٹھکانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا ہے۔اس علاقے میں حوثیوں کا ابھی تک مضبوط کنٹرول ہے۔

یمنی فوج نے منگل کے روز جنوبی صوبے لحج کے شمال میں واقع تزویراتی اہمیت کی حامل متعدد جگہوں کو آزاد کرا لیا تھا اور ایک اہم پہاڑ شیوان پر اپنا کنٹرول مضبوط بنا لیا ہے۔یمن فوج نے عرب اتحاد کی فضائی مدد سے تعز گورنری کے جنوب میں واقع علاقے الشریجہ میں بھی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔