.

سعودی عرب کے پہلے موسیقی میلے میں ہزاروں افراد کی شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں منعقدہ پہلے موسیقی میلے میں ہزاروں افرا د نے شرکت کی ہے۔یہ میلہ تین روز تک جاری رہا تھا اور اس کی منتظم کمپنی کے مطابق اس کے 6 ہزار سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے تھے۔

اس میلے کا اہتمام سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے الریاض کے انٹرنیشنل گالف کلب میں کیا تھا۔اس میں اپنے فن کا جادو جگانے والوں میں امریکی ڈیلفیئو مارسالیس اور برطانوی جیز بیڈ انکوگنیٹو بھی شامل تھے۔

اس میں شریک عرب فن کاروں میں لبنانی موسیقار اور گلوکار شدی ناشیف اور سعودی بینڈ ’’الریاض سے‘‘ شامل تھے۔

میلے کے تیسرے روز کا پروگرام شدید بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا ۔اس تاریخی میلے کے شرکاء بھی گلوکاروں کے ساتھ گانا گاتے اور ان کی آوازوں پر جھومتے رہے تھے اور انھوں نے اس کی مختلف ویڈیو ز بھی سوشل میڈیا کی ویب گاہوں پر پوسٹ کی ہیں۔

واضح رہےکہ سعودی عرب کی تفریح اتھارٹی نے اس سال کے دوران میں پانچ ہزار سے زیادہ کنسرٹس اور میلے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ تعداد گذشتہ سال منعقدہ میلوں اور تفریحی پروگراموں کے مقابلے میں دُگنا سے بھی زیادہ ہے۔