.

مدینہ منورہ میں ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہو گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش بعض شہروں میں ژالہ باری جبکہ جدہ میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

مملکت کے مختلف حصوں سے ہفتے کے روز ملنے والی اطلاعات کے مطابق مکہ مکرمہ اور جدہ میں موسم ابر آلود رہا صبح سے ہی گہرے بادل چھائے رہے وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ متوقع بارش کے پیش نظر بلدیہ اور شہری دفاع کے اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انڈر پاس پر نکاسی آب کے لئے ہیوی ڈیوٹی پمپ نصب کر دیئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انڈر پاس میں بھر جانے والے پانی کو نکالا جا سکے۔ شہر میں خوشگوار موسم کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد ساحل پر تفریح کے لئے پہنچ گئی۔ ہفتہ وار تعطیل ہونے کی وجہ سے بھی تفریحی مقامات پر لوگوں کا غیر معمولی رش رہا۔

دوسری جانب طائف کے بعض علاقوں میں ہلکی جبکہ بعض میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل ناصر الشریف نے مقیمین اور مقامی افراد کو ہدایت کی کہ وہ نشیبی علاقوں میں قیام کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے پہاڑوں سے آنے والا برساتی ریلا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے جس سے جانی ومالی نقصان کا اندیشہ ہے۔

ادھر جانب مدینہ منورہ ریجن میں بھی ہفتے کو غیر معمولی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ مدینہ منورہ اور مضافات میں تبوک کی جانب ہائی وے پر بارش کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی۔ شہر میں اولوں سے بعض گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ مضافاتی علاقوں میں پڑنے والے اولے خطرناک ثابت ہوئے جس سے کھلے باڑوں میں بعض مویشیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات موصول ہوئی۔ مدینہ منورہ سے 100 کلو میٹر تبوک کی سمت "فقرہ" نامی بستی میں ہونے والی ژالہ باری "برف باری" کا منظر پیش کر رہی تھی۔ ژالہ باری سے سڑک اور اطراف کے میدان نے سفید چادر اوڑھ لی تھی جبکہ بادل اس قدر نیچے تھے کہ چند فٹ دور دیکھنا بھی مشکل ہو گیا تھا۔

درایں اثناء ریاض سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہفتے کو صبح سے ہی موسم ابر آلود رہا۔ دوپہر سے قبل دار الحکومت میں شروع ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ لوگوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا جبکہ سوشل میڈیا پر بارش کی تصاویر کا تبادلہ ہو تا رہا۔ واضح رہے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اس ہفتے بارش کی توقع کی گئی تھی جن میں ریاض، تبوک، مدینہ منورہ، حائل، الجوف ، قصیم ، الشرقیہ اور شمالی حدود کے علاقے شامل تھے۔

ریاض میں موسم اتوار تک غیر یقینی رہے گا۔ شہری وغیر ملکی محتاط رہیں۔ محکمہ موسمیات نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض شہر اور اطراف میں موسمی تبدیلی کا خدشہ ہے۔ اتوار تک موسم غیر یقینی رہے گا۔

اس دوران گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، تیز ہوا اور گرد آلو طوفان کا امکان ہے۔ دوسری طرف سے محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ غیر یقینی موسم اور بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلا جائے۔ تیز بارش کے دوران ڈھلانوں، نشیبی علاقوں، وادیوں اور سیلابی گزر گاہوں سے دور رہیں۔