.

ایم بی سی گروپ نے ترک ڈراموں کی نمائش روک دینے کی وجہ واضح کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

معروف میڈیا گروپ MBC کے سرکاری ترجمان مازن حائک نے باور کرایا ہے کہ گروپ کی اسکرینوں پر ترکی کے ڈراموں کو روک دیے جانے کے فیصلے کا اطلاق متعدد عرب ممالک میں کئی میڈیا فورمز اور ٹی وی چینلز پر ہو گا۔ انہوں نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ساتھ گفتگو میں واضح کیا کہ یکم مارچ سے مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں MBC گروپ کے چینلوں پر ترکی کے ڈرامے نشر نہیں کیے جا رہے اور یہ بندش آئندہ اعلان تک جاری رہے گی۔

مازن حائک کے مطابق اس فیصلے کا مقصد گروپ کے وسائل کو مزید عرب اور خلیجی ڈرامے تیار کرنے میں استعمال کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عرب ڈرامے کی ایک قسط کی تیاری پر تقریبا 40 ہزار سے 1 لاکھ ڈالر خرچ ہوتے ہیں جب کہ ترکی کے ڈرامے کی ایک قسط تیار کرنے کے اخراجات 2.5 لاکھ ڈالر یا اس سے بھی زیادہ ہوتے ہیں!.

حائک نے MBC گروپ کی جانب سے عربی زبان میں تیار کی گئی ڈرامہ سیریل "عمر" کا ذکر کیا جس نے پروڈکشن کے میدان میں زبردست مقابلہ کر کے کروڑوں عرب اور غیر عرب ناظرین کی جانب سے پسندیدگی کی سند حاصل کی۔ ترجمان کے مطابق خطیر بجٹ، زوردار اسکرپٹ، بہترین ہدایت کاری اور جامع اداکاری نے اس سیریل کو سپر ہٹ بنا دیا۔